مکہ مکرمہ: سعودی وزارت حج و عمرہ نے ویب پورٹل کے ذریعےعازمین حج کے اندراج کا مرحلہ مکمل ہونے کا اعلان کردیا۔
سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق سعودی حکومت نے رواں سال کورونا وائرس کے کیسز میں کمی اور ویکسی نیشن کے بعد 60 ہزارعازمین کو حج کے لیے اہل قرار دیا ہے۔ جن میں سعودی شہری اور سعودیہ میں غیر ملکی مقیم باشندے شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی مقیم باشندوں کا تعلق 150 ممالک سے ہے جب کہ ان افراد کو طبی شرائط کے پورا ہونے پر حج پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ رواں سال ویب پورٹل کے ذریعے اندراج کے پہلے مرحلے میں رجسٹر ہونے والے عازمین کی تعداد 5 لاکھ 58 ہزار 270 تک پہنچ گئی۔ اس سلسلے میں ترجیح ان افراد کو دی گئی جنہوں نے پہلے حج ادا نہیں کیا۔
وزارت حج و عمرہ نے رواں سال حج کے اہل قرار دیے جانے والے تمام افراد کو عمومی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بغیر پیشگی بکنگ کے فوری طور پر اپنے قریب ترین مرکز سے کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوالیں۔ ساتھ ہی حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کی پابندی کریں۔
اس سے قبل حج ادا کرنے والے افراد کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل ختم کرنے کا اعلان 25 جون کو کیا گیا تھا۔
سعودی وزیر کے مطابق رواں سال آن لائن ایپ کےہمراہ 59 فیصد مرد جب کہ 41فیصد خواتین نے درخواستیں جمع کرائیں۔ ان میں تین فیصد درخواست گزاروں کی عمریں 20 سال سے کم ہیں، 26 فیصد 21 سے 30 سال کے درمیان عمر کے گروپ سے تعلق رکھتے ہیں،38 فیصد 31 سے 40 سال کی عمر کے ہیں۔