بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی

نئی دہلی: امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپیہ 89 اعشاریہ 96 سے بڑھ کر 90 اعشاریہ 15 پر آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری کے مستقل انخلا اور امریکا بھارت تجارتی معاہدے کی عدم موجودگی نے مضبوط ملکی معاشی بنیادی ڈھانچے کو شدید متاثر کیا ہے اور گزشتہ روز بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی بھی اسی کی وجہ سے ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں 5 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے جو ایشیا کی بدترین پرفارم کرنے والی کرنسیوں میں سے ایک ہے، بھارتی کرنسی ریکارڈ تجارتی خسارے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ملک سے باہر جانے کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سونے اور چاندی سمیت درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی کے باعث تجارتی گیپ 42 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاری کا کمزور بہاؤ اور امریکی ٹیرف کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار رواں برس اب تک 17 ارب ڈالر کاروبار سے نکال چکے ہیں جس نے بھارتی کرنسی پر مزید دباؤ بڑھایا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت امریکا ٹریڈ ڈیل کی بے یقینی صورتحال اور سرمایہ کاری کے دباؤ کے باعث مستقبل میں بھی بھارتی کرنسی دباؤ میں رہے گی۔

Indian RupeesRecord DeclineTariff