ریکوڈک معاملہ، پاکستانی اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی کا آغاز!

اسلام آباد: ریکوڈک کیس میں ٹیتھیان کاپر کمپنی نے پاکستانی اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی شروع کردی۔
اٹارنی جنرل آفس سے جاری بیان کے مطابق ٹیتھیان کاپر کمپنی نے پاکستانی اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے، ٹیتھیان کاپر کمپنی کی پاکستانی اثاثے منجمد کرنے کی درخواست پر حکم امتناع جاری ہوگیا ہے، حکم امتناع برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ نے 16 دسمبر 2020 کو جاری کیا۔
اٹارنی جنرل آفس کا کہنا ہے کہ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ نے پاکستان کو سنے بغیر اثاثے منجمد کرنے کا حکم جاری کیا، حکومت پاکستان ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کے مفادات کا دفاع کرے گی۔
اکسڈ نے 12 جولائی 2019 کو 5.6 ارب ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، پاکستان نے اس جرمانے کے خلاف اکسڈ سے مشروط حکم امتناع لیا تھا، مشروط حکم امتناع کے تحت پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر غیر ملکی بینک میں جمع کرانے تھے، مشروط حکم امتناع کی مدت ختم ہونے پر ٹیتھیان کاپر کمپنی نے پاکستانی قومی اثاثے منجمد کرنے کی درخواست برٹش ورجن آئی لینڈ میں داخل کی، مشروط حکم امتناع کے تحت پاکستان کو غیر ملکی بنک میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی بنک گارنٹی جمع کرنا ضروری تھا۔

Recodic case