راولپنڈی: عبداللہ شفیق، امام الحق اور بابراعظم کی شان دار سنچریاں، راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر میزبان پاکستان نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنالیے۔
پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 158 رنز درکار ہیں اور 3 وکٹیں باقی ہیں۔
قومی ٹیم کے اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق جب کہ کپتان بابراعظم سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ کپتان بابراعظم نے ٹیسٹ کرکٹ کی 8 ویں سنچری مکمل کی۔
امام الحق 121، عبداللہ شفیق 114، اظہر علی 27، سعود شکیل 37، بابراعظم 136، محمد رضوان 29 اور نسیم شاہ نے 15 رنز بنائے۔
وِل جیکس نے عبداللہ شفیق کو 114رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ لی۔ امام الحق 121 رنز بناکر لیچ کی گیند پر رابنسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اظہر علی 27 رنز بناکر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 298رنز بنالیے۔
وقفے کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سعود شکیل 37 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم 136 رنز بنا کر ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 29رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار بن گئے۔ نسیم شاہ 15 رنز بنا کر وِل جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنالیے۔ پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 158 رنز درکار ہیں اور 3 وکٹیں باقی ہیں۔