لاہور: بیرون ملک فرار کے شبے میں موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق موٹروے زیادتی کیس میں گرفتار ملزم شفقت کی نشان دہی پر کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، عابد اور شفقت کے ساتھ موبائل فون پر رابطہ کرنے والے افراد کو بھی شامل تفتیش کیا جارہا ہے جب کہ مرکزی ملزم عابد کے خاندان کے لوگ سی آئی اے پولیس کی حراست میں ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم عابد کے بیرون ملک فرار کے شبے کے پیش نظر اس کا شناختی کارڈ بھی بلاک کروا دیا گیا ہے۔
دوسری طرف زیادتی کیس کی تفتیش انچارج انویسٹی گیشن گجرپورہ سے تبدیل کرکے انچارج انویسٹی گیشن پرانی انارکلی کو بھجوا دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی دفعات کی تفتیش انسپکٹر کرسکتا ہے سب انسپکٹر کے پاس اختیار نہیں، ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے دو ڈی ایس پی محمد علی بٹ اور حسنین حیدر مقرر کردیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون کی قمیص اور شلوار سے دونوں ملزمان شفقت اور عابد علی کے سیمپل میچ ہوئے ہیں، ملزم شفقت کو گزشتہ روز شناخت پریڈ پر جیل بھجوا دیا گیا تھا، ملزم کی شناخت کے لیے خاتون کو جیل جانا پڑے گا، جیل میں سیکیورٹی بیرک میں ملزم کو رکھا گیا ہے، جیل میں تفتیشی آفیسر اور جیل حکام کی موجودگی میں شناخت پریڈ ہوگی۔