پی ٹی آئی مظاہرین کو پیچھے دھکیل کر رینجرز نے ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال لیا

اسلام آباد: ڈی چوک پر رینجرز نے پی ٹی آئی کے مظاہرین کو پیچھے دھکیل کر دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا۔
تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں پر مشتمل قافلہ ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہے جب کہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان بھی ڈی چوک پہنچ چکے ہیں۔
ڈی چوک اور اطراف میں سیکیورٹی سخت ہے اور ڈی چوک کی طرف بڑھنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جب کہ ریلی کی قیادت کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے قافلہ جی 11 اور جی 9 سے گزرا، جہاں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم ہوا جب کہ اس وقت بھی دونوں جانب سے ایک دوسرے پر آنسو گیس کی شیلنگ جاری ہے اور پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران انتشار سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں فوج طلب کرلی گئی۔
وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں فوج کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلایا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی کو کسی بھی علاقے میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کیلئے کرفیو لگانے کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔
شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ ہاؤس سمیت تمام اہم عمارتوں پر فوج تعینات ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو انتشار پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیے گئے ہیں۔

 

D ChowkIslamabadPTI ProtestorRangersTake Control