سیاسی مخالفین پر گند اچھالنا، گالی دینا، دھمکانا عمران کا وتیرہ ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی عدالت پیش ہوکر اپنی کرپشن کا جواب دیں، پی ٹی آئی مریم نواز کو نوٹس نہ بھیجے اور قوم کو ماموں بنانے والے سپریم کورٹ کے مامے نہ بنیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوکر اپنی کرپشن کا جواب دیں جہاں اُن کا خاوند منہ پر بالٹی پہن کر جاتا ہے، بشریٰ بی بی خاوند کو منہ پہ بالٹی ڈال کر عدالت لے کر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹرک چھپاؤ یا پہنچاؤ تحریک کی پریس کانفرنس تھی، الیکشن کمیشن، وکلا، صحافیوں اور سیاسی مخالفین پر گند اچھالنا، گالی دینا، دھمکانا عمران خان کا وتیرہ ہے، جو خلاف بات کرے وہ وکلا پے رول پر ہیں اور صحافی لفافے جب کہ ان کی نظر میں الیکشن کمیشن بکاؤ ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جو غلامی نہ کرے اور ان کی مرضی کی بات نہ کرے انہیں مسلم لیگ ن سے جوڑ دیا جاتا ہے جب کہ صحافیوں کو لفافہ کہا جاتا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پہلے 190 ملین پاؤنڈ کے لفافے کا جواب دے، جو فراڈ نیازی نے کرکے اپنے اسپانسر کو خیرات کیا۔ پورا قومی خزانہ عمران مافیا کے نشانے پرتھا۔ منصب، کرسی اور اختیار کا ناجائز استعمال سب سے بڑی آئین شکنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے عدلیہ کے اختیار کو شفاف بنایا تاکہ آئین شکنی اور من پسند فیصلے نہ ہوں۔

 

Bushra BibiImran Khaninterior ministerPTIRana Sana UllahSupreme Court