پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ ایک ارب درخت لگ چکے ہیں، عوام ایک ارب درختوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔اہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کرپشن، کرپشن کا راگ الاپتے رہتے ہیں۔ پنجاب میں جتنی کرپشن ہورہی ہے زندگی میں کبھی نہیں دیکھی۔ پنجاب میں کروڑوں روپے دے کر لوگ ڈپٹی کمشنر لگے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کرپشن کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ یہ جھوٹ اورفراڈ پرمبنی حکومت ہے۔ 2018 کے الیکشن سے قبل انہوں نے سبز باغ دکھائے تھے۔
پہلے 90 روزمیں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ این آراو نہیں دوں گا، لیکن جن کو دینا تھا دے چکے ہیں۔ ان کے احتساب کے بیانیے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف بےبنیاد کیسزبنائے گئے۔ اڑھائی سال میں اپوزیشن کیخلاف صرف پروپیگنڈا کیا گیا۔ ہمیں کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں، حکومت ریت کی دیوار ہے۔ عوامی جدوجہد کے ذریعے شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال میں غریبوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ ادویات اور آٹے سمیت ہر چیزمہنگی ہوگئی ہے۔ اڑھائی سال بعد دوبارہ معاشی اعدادوشمار کا فراڈ کر رہے ہیں۔ کیا آٹا 33 روپے اور چینی 53 روپے کلو ہوچکی ہے؟