لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے دعویٰ کیا ہے کہ شان مسعود کو میچز کھلانے کے لیے ہیڈ کوچ اور کپتان کو متعدد کالز موصول ہوئیں۔
سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے سماجی رابطے کی سائٹ پر مداحوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نائب کپتان شان مسعود کو نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کے لیے بینچ پر بٹھایا گیا تو ہیڈ کوچ اور کپتان کو فون کالز کی گئیں۔
رمیز راجا نے دعویٰ کیا کہ کپتان اور کوچ پر دباؤ ڈال کر شان مسعود کو نائب کپتان مقرر کرنے کے اپنے فیصلے کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، ہمارے پاس ایک چیئرمین ہیں جن کا کھیل سے کوئی تعلق نہیں لیکن وہ آتے ہیں اور بابراعظم کو آئی سی سی کی ٹرافی دے دیتے ہیں، بس!۔
خیال رہے کہ پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے شان مسعود کو نیوزی لینڈ سیریز سے قبل ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا تھا، جس پر کپتان اور کوچ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی تھی۔