2022 پاکستان کرکٹ فینز کے لیے بمپر سال ہے، رمیز راجہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے، دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نئے سال پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپ سب کو میری طرف سے نیا سال بہت بہت مبارک ہو، دعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے۔
انہوں نے کہا کہ کپتان کو بااختیار کرنے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا، ایج گروپ کرکٹ میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاتھ وے اور ملک میں کرکٹ کا بہترین انفرا اسٹرکچر بنانا سال 2022 میں میری ترجیح ہوگی۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انڈر 19 اور ویمنز پی ایس ایل کے لیے کام کررہے ہیں، پاکستان میں ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈراپ ان اور ہائبرڈ پچز پر تیزی سے کام کررہے ہیں، اسلام آباد میں اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری پر کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہے، عام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فینز قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے، 2022 پاکستان کرکٹ فینز کے لیے بمپر سال ہے، اس سال بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، پرامید ہیں کہ کووڈ 19 کی غیرمعمولی صورت حال کے باوجود آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، سیریز ایسے وقت میں رکھی گئی ہے کہ دونوں ٹیموں کے بڑے کھلاڑی پاکستان آسکیں۔

Bumper Years of Pakistani cricket fansChairman PCBNew Year MsgRamiz Raja