لاہور: سابق کپتان رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ بلامقابلہ پی سی بی کے 36 ویں چیئرمین منتخب ہوئے ہیں، عبدالحفیظ کاردار، جاوید برکی اور اعجاز بٹ کے بعد وہ چوتھے کرکٹرز اور تیسرے سابق کپتان ہیں، جنہوں نے بطور سربراہ کرکٹ بورڈ کا چارج سنبھالا ہے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عظمت شیخ کی جانب سے منعقدہ گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں رمیز راجہ کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے رمیز راجہ کے کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ بننے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
گورننگ بورڈ کے اس اجلاس میں اسد علی خان، جواد قریشی، عاصم واجد جواد،عارف سعید اور عالیہ ظفر نے شرکت کی۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی اس اہم اجلاس کا حصہ تھے۔ اجلاس کے شرکا نے رمیز راجہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جس کے بعد انہوں نے چیئرمین کی کرسی پر بیٹھ کر چیف الیکشن کمشنر اور بورڈ ارکان کا شکریہ اداکیا۔ رمیزراجہ نے کرکٹ کی بہتری کے لیے مستقبل کے پلانز پر روشنی ڈالی۔