کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش، موسم خوش گوار ہوگیا۔
کئی روز سے جاری ہیٹ ویو کے بعد شہر میں کالی گھٹائیں چھاگئیں اور بارش کی جھڑی لگ گئی، جس کے نتیجے میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
آسمان سے گرتی بوندوں نے موسم کو خوش گوار کردیا، جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
ناظم آباد، نیوکراچی، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گڈاپ، اولڈ سٹی ایریا اور سائٹ ایریا میں تیز ہوا کے جھکڑ چلے اور ساتھ ہی رم جھم برسنے لگی۔
ابر کرم برستے ہی بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جس سے لوگوں کو معمولات زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کو بھی شہر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔