کراچی: کل بروز جمعرات 26 ستمبر سے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں جمعرات سے ہفتے تک میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ اور گردونواح میں بارش ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ سندھ کے باقی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے اور اس وقت مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔