کراچی: عدالت نے متعدد بچوں سے زیادتی کرنے والے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی۔
کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے 7 مقدمات میں نامزد ملزم شبیر تنولی کو عدالت میں پیش کیا، جہاں متاثرہ بچیوں نے ملزم کو احاطہ عدالت میں تھپڑ مارے۔
پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کے ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی جب کہ آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
اس سے قبل پولیس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ملزم کو اہل علاقہ کی شکایت پر گرفتار کیا گیا، ملزم 2016 سے بچوں، بچیوں سے زیادتی کرکے ویڈیوز بناتا تھا، ملزم کے خلاف ڈیفنس تھانے میں مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب صحافیوں نے ملزم سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ وہ بچوں کی ویڈیوز کا کیا کرتا تھا، اس کے جواب میں ملزم نے کہا کہ وہ ویڈیوز کو بعد میں دیکھا کرتا تھا۔