ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش

لاہور: ملک کے مختلف شہروں سمیت پنجاب میں موسلا دھار بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا، انڈر پاسز اور سڑکوں پر پانی جمع، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لاہور میں 215 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ملک کے مختلف شہروں میں آج خوب مینہ برسا۔ لاہور کے علاقوں مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، سمن آباد اور ریلوے اسٹیشن میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جب کہ گڑھی شاہو، باغبان پورہ اور دو موریہ پل کے علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں جمع پانی فوری نکالنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ نکاسیٔ آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے، واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک کا دورہ کیا اور وہاں جمع پانی کا جائزہ لیا، انہوں نے واسا عملے کو لکشمی چوک سے جلد ازجلد پانی نکالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کو نکال کر ترجیحی بنیادوں پر روڈ کو کلیئر کروایا جائے، شہریوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔
لاہور میں بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے گلشن راوی ، سمن آباد، رائیونڈ روڈ، داتا نگر، ڈیفنس، والٹن روڈ اور بھاٹی گیٹ کے علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ علامہ اقبال ٹاؤن، قلعہ گجر سنگھ، گڑھی شاہو، چائنہ اسکیم، سگیاں، مانگا منڈی اور شاہدرہ میں بھی بجلی بند رہی۔
لاہور کے علاوہ شیخوپورہ اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ کراچی اور پشاور میں بھی برکھا رُت نے موسم دل فریب بنا دیا، پی ڈی ایم اے نے سندھ بھر میں الرٹ جاری کردیا، بلوچستان کے ضلع کوہلو کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال ہے۔