موسلادھار بارش، ناقص انتظامات،حادثات 8 زندگیاں نگل گئے

کراچی: مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے اور ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوگئی۔موسلا دھار بارش نے کے الیکٹرک، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی عیاں کردی۔
بارش کے دوران مکان کی چھتیں ،دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوچکے۔ دوسری جانب بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہرمیں 200سےزائدفیڈرزٹرپ کرگئے ،جس کے بعد لیاری، بلدیہ ،کیماڑی، کورنگی اورلانڈھی کےعلاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ نیوکراچی، نارتھ کراچی، بفرزون، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔
موسم کی پہلی بارش سے شہر میں نکاسیٔ آب کے ناقص نظام کے باعث لیاقت آباد، ناظم آباد، پاک کالونی، گولیمار، غریب آباد، کریم آباد، شارع فیصل ، کورنگی ایکسپریس وے، کورنگی روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر برساتی پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام ہوگیا، اس وجہ سے شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 1 اعشاریہ دو، کلفٹن میں 6ملی میٹر،لانڈھی میں 3 اعشاریہ ایک ملی میٹر،اولڈ ایئرپورٹ پر 10 ملی میٹر،پی اے ایف مسرور میں 12ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل میں 26ملی میٹر،ناظم آباد میں 22ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے آخر تک برقرار رہے گا اور شہر میں مون سون کے کئی اسپیل بارش کا سبب بنیں گے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

karachirain