سندھ میں چند مقامات پر آج بارش، کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان

کراچی: مغربی ہواؤں کے سسٹم کے تحت آج سے سندھ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی حصے میں مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہورہا ہے، جس کے تحت آج سے 5 مئی تک سندھ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ حیدرآباد، مٹیاری، سکھر، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے جب کہ کراچی میں آج سے اتوار کے دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، اسی دوران کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا بھی امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ 5 مئی سے سندھ پر اثرانداز سسٹم کو بحیرہ عرب سے نمی سے تقویت ملے گی، آئندہ ہفتے میں سندھ میں مزید بارشیں نظر آرہی ہیں، کراچی میں بھی یہ سسٹم کہیں کہیں بارش برساسکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سسٹم کی شدت اور بارش کی درست پیش گوئی 5 مئی کے بعد کی جاسکتی ہے، مئی سندھ میں عام طور پر خشک گزرتا ہے، رواں ماہ میں سندھ میں ہونے والی بارش غیر معمولی موسمی سرگرمی ہے۔

Heavy Winds in KarachipredictionSindhToday rain in Few Places