کراچی: شہر قائد میں آج بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ ہلکی و درمیانی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دوپہر تک جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بارش کا امکان ہے، بادل اس وقت سمندر میں موجود ہیں جو شہر کی جانب بڑھ سکتے ہیں، آج تیز بارش کے ایک سے دو اسپیل آسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج 50 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش ہوسکتی ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار کل کے مقابلے میں کم رہے گی اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں بل بورڈز گرنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں، انتظامیہ کو تیز ہواؤں سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا کہ عید کے پہلے دن بھی ہلکی بارش کی توقع ہے جب کہ 24 سے27 مارچ کے دوران بھی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر میں کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔