اسلام آباد: وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے عوام کو ریلوے اور پی آئی اے کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی خوشخبری سنادی۔
وزیر ہوا بازی اور ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں کی دونوں کلاسز اور پاکستان ریلویز کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد رعایت دی جارہی ہے۔
ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے میں 94 فیصد جب کہ پی آئی اے میں 90 فیصد سے زائد مسافر اکانومی کلاس میں سفر کرتے ہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پرائیویٹ ایئرلائنز کو بھی کرایوں میں کمی کی ہدایت جاری کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے اور پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا اطلاق 17 جولائی سے اگلے 30 روز کے لیے ہوگا۔