نئی دہلی: بھارت کی پارلیمنٹ نے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو نااہل قرار دے دیا۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز بھارتی عدالت کی جانب سے ہتک عزت کیس میں مجرم قرار دینے کے فیصلے کے بعد راہول گاندھی کو نااہل قرار دیا ہے۔
کانگریس رہنما نے 2019 میں ایک انتخابی ریلی کے دوران مودی سرنیم سے متعلق بیان دیا تھا، گزشتہ روز عدالت نے راہول گاندھی کو دو سال قید کی سزا سناکر فوری ضمانت منظور کرلی تھی۔
دھیان رہے کہ راہول گاندھی بھارتی ریاست کیرالہ سے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
راہول گاندھی کے خلاف کیس بی جے پی کے ایم ایل اے اور سابق وزیر پرنیش مودی نے دائر کیا تھا، جس میں راہول گاندھی پر الزام تھا کہ انہوں نے مودی سرنیم رکھنے والوں کو چور کہہ کر مخاطب کیا۔
راہول گاندھی نے 2019 میں لوک سبھا کی الیکشن مہم کے دوران یہ بیان ایک ریلی کے دوران دیا تھا، جس کے خلاف درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ راہول گاندھی نے تمام مودی برادری کی توہین کی ہے۔
گجرات کی عدالت نے راہول گاندھی کی 30 روز کے لیے ضمانت منظور کی تھی، راہول گاندھی نے عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔