راحت فتح علی خان کا ایک اور بڑا اعزاز!

کراچی: سروں کے سلطان اُستاد راحت فتح علی خان نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ پہلے پاکستانی فن کار بن گئے، جن کے یُوٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز ہوگئے ہیں جب کہ بھارت میں وہ اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
استاد راحت فتح علی خان کو اس سے قبل موسیقی کے شعبے میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ 26 جون 2019 کو لندن میں ایک بہت بڑی تقریب میں دنیا بھر میں قوالی کے فن کو فروغ دینے اور نمایاں خدمات انجام دینے پر عالمی شہرت یافتہ آکسفورڈ یونی ورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا تھا۔


اس بارے میں راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ میں اپنی کام یابیوں کو اپنے خاندان اور ٹیم کے نام کرتا ہوں اور اس میں سلمان احمد کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔ میں نئی نسل کا بھی بے حد شکر گزار ہوں، جو سوشل میڈیا پر میرے گیتوں کو شہرت اور مقبولیت کے اسمان پر پہنچادیتے ہیں۔ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ یوٹیوب پر میرے چینل کے 50 لاکھ سبسکرائب ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر اپنے استاد کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نصرت فتح علی خان عظیم پاکستانی قوال، موسیقار اور گلوکار تھے۔ میرے والد فرخ علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے۔ ہمارا خاندان چھ سو سال سے فنِ موسیقی کی خدمت کررہا ہے۔ استاد نصرت فتح علی خان نے اپنی تمام عمر قوالی اور موسیقی کے فن کو فروغ دینےاور اسے مشرق و مغرب میں مقبول عام بنانے میں صرف کردی تھی۔ موسیقی سے ہمارا خاندانی عشق ہے۔

#5MilionSubscribers#RahatFatehAliKhan#Youtube