راحت فتح اور اُن کے صاحبزادے کو برطانوی پارلیمنٹ سے بڑا ایوارڈ مل گیا

لندن: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان خان کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا، جسے دونوں فنکاروں نے اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیا۔
تقریب میں طارق احمد، محمد یاسین اور افضل خان سمیت متعدد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستانی اور بنگلادیشی موسیقار جوڑے کاشف راجہ اور ربائیت جہان نے کیا۔
اس سے قبل راحت فتح علی خان اور شاہ زمان خان نے اتوار کو لندن کے تاریخی مقام رائل البرٹ ہال میں شاندار پرفارمنس پیش کرکے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
اس موقع پر راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ کامیابی والدین کی دعاؤں اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جلد ہی بنگالی زبان میں اپنا نیا گانا بھی ریلیز کرنے جا رہے ہیں، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

Big HonorBritish ParliamentPakistani Singerrahat fateh ali khanShah Zaman Khan