بلیک میلنگ پر راحت فتح علی نے سابق منیجر کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

لاہور: اپنے سابق منیجر سلمان احمد کے خلاف لیجنڈ گلوکار راحت فتح علی خان نے بلیک میلنگ اور یوٹیوب چینل کے بغیر اجازت استعمال پر مقدمہ درج کرادیا۔
راحت فتح علی خان نے سابق منیجر سلمان احمد کے خلاف ایف آئی اے لاہور کے سائبر کرائم سرکل میں شکایت درج کرادی ہے۔
راحت فتح علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ مختلف پیشہ ورانہ خدمات کے ساتھ سلمان احمد کو منیجر کی ذمے داری بھی سونپی تھی، سلمان احمد مجھے بدنام اور بلیک میل کرنے اور دھمکیاں دینے میں ملوث ہے۔
راحت فتح علی خان نے یہ بھی کہا کہ سلمان احمد نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر اس کے ساتھ کام کرنا بند کیا تو وہ میرا کیریئر تباہ کردے گا، ایسی ویڈیوز بھی لیک کرنے کی دھمکی دی، جس سے مجھے اور میرے خاندان کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلمان احمد نے میرے یوٹیوب چینل کا غیر قانونی طور پر کنٹرول بھی سنبھال لیا، غیر قانونی طور پر اس کا لوگو اور نام تبدیل کردیا، میرے یو ٹیوب چینل کے 7.96 ملین سبسکرائبر ہیں، یو ٹیوب اکاؤنٹ کو چالاکی سے ایڈٹ کیا گیا، جس سے مجھے مالی نقصان ہوا۔
راحت فتح کے مطابق سلمان احمد متحدہ عرب امارات کا رہائشی ہے اور اس کا یہ عمل وہاں کے قوانین کے بھی منافی ہے۔
دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ سلمان احمد نے اس سے قبل راحت فتح علی خان کے الزامات کی تردید کی تھی، سلمان احمد نے اس بات پر افسوس کا بھی اظہار کیا تھا کہ راحت فتح علی خان سے ان کا 12 سالہ رشتہ ختم ہوگیا۔
خیال رہے سلمان احمد سے تعلق ختم کرنے کے اعلان ساتھ ہی راحت فتح علی خان کی تشدد کرتے ویڈیو جاری ہوئی تھی، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سلمان احمد نے راحت فتح علی خان کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے کے لیے یہ ویڈیو بنائی تھی۔

BlackmailingFiled Case Against Former Managerrahat fateh ali khan