کراچی: معروف صحافی رفیق افغان پیر کو کراچی میں انتقال کرگئے۔
وہ ایک روزنامے کے چیف ایڈیٹر اور مالک تھے۔ خبروں کے مطابق رفیق افغان ایک ہفتے سے علیل اور نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے، ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوگیا تھا،علاج جاری تھا لیکن جانبر نہ ہوسکے۔
ان کی نماز جنازہ ظہر کی نماز کے بعد ہل پارک کے قریب شہید مسجد الفتح میں ادا کی گئی جس میں مرحوم کے عزیزواقارب، دوست احباب اورخیر خواہوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کردی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سینئر صحافی رفیق افغان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رفیق افغان نے صلاح الدین شہید کے صحافتی مشن کو آگے بڑھانے میں عمر وقف کردی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے محبت رکھنے والے پختہ نظریاتی وابستگی پر کاربند صحافی تھے، رفیق افغان نے پاکستانی صحافت میں ایک نئے روزنامے کا اضافہ کرکے اپنی قلمی اور انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا-
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ (آمین)