رابعہ انعم نے عائزہ خان کو پاکستان کی شاہ رخ خان قرار دے دیا

کراچی: نامور میزبان واینکر رابعہ انعم نے اداکارہ عائزہ خان کو پاکستان کی شاہ رخ خان قرار دے دیا، تاہم صارفین کا ماننا ہے کہ ماہرہ خان پاکستانی ایکٹنگ کوئین ہیں۔
رابعہ انعم ایک باصلاحیت پاکستانی ٹی وی میزبان اور کاروباری خاتون ہیں، جو کراچی میں اپنا بیوٹی سیلون بھی چلاتی ہیں۔ انہوں نے اپنے میڈیا کیریئر کا آغاز نجی ٹی وی سے بطور نیوز اینکر کیا اور کئی سال تک وہاں خدمات انجام دیں، بعدازاں انہوں نے یہ پیشہ چھوڑ دیا۔
آج کل وہ نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی اداکار دانش تیمور کے ساتھ کررہی ہیں اور اپنی میزبانی کے باعث خوب تعریف سمیٹ رہی ہیں۔
چند روز قبل رابعہ انعم نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جس کی میزبانی احمد رندھاوا کررہے تھے۔ اس پوڈکاسٹ میں رابعہ انعم نے عائزہ خان کو پاکستان کا شاہ رخ خان قرار دے دیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عائزہ خان پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی دونوں لحاظ سے شاندار ہیں، ان کی شخصیت اور ان کا آورا مجھے غیر معمولی لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ ایک بین الاقوامی اسٹار ہوتیں تو انہیں بہت زیادہ سراہا جاتا اور انہیں ٹاپ اسٹار کا درجہ دیا جاتا، اگر وہ بھارت میں ہوتیں تو شاید ان کی حیثیت کچھ اور ہی ہوتی، وہ پاکستان کی شاہ رخ خان ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا دانش تیمور کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی بہت اچھا رہا ہے، وہ نہایت مہربان، عاجز اور مثبت شخصیت کے مالک ہیں۔ ہم قریباً 8 گھنٹے لائیو ہوتے ہیں اور وہ ہمیشہ مثبت توانائی سے بھرپور رہتے ہیں، اب مجھے سمجھ آتا ہے کہ وہ سپراسٹار کیوں ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر بہت سے لوگ رابعہ انعم کی اس رائے سے متفق نہیں ہیں۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ صرف ماہرہ خان کے پاس وہ آورا اور عالمی پہچان ہے جس کا موازنہ شاہ رخ خان سے کیا جا سکتا ہے اس لیے وہ پاکستان کی ایکٹنگ کوئین ہیں۔
کچھ مداحوں نے یہ بھی کہا کہ صبا قمر اورہانیہ عامر بھی اس لقب کے لیے اتنی ہی موزوں ہیں۔

called Ayeza Khan the Shah Rukh Khan of PakistanPodcastRabia Anum