لاہور: گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے زندگی میں بڑے تنازعات سے گزرنے کے بعد شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی اور تمام سابقہ دلچسپیوں اور طرزِ زندگی کو پیچھے چھوڑ کر مذہبی سفر کا آغاز کیا۔
گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رابی پیرازاہ نے ایک دلچسپ دعویٰ کیا ہے۔
انٹرویو کے دوران ماضی میں خطرناک جانوروں کے ساتھ وائرل ہونے والی اپنی تصاویر اور ویڈیوز کے بارے میں بات کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے انکشاف کیا کہ وہ کسی بھی قسم کے جنگلی جانور، شیر، سانپ، اژدھے یا پھر بھیڑیے کو باآسانی قابو کرسکتی ہیں اور یہ ہنر انہیں خدا کی طرف سے ملا ہوا تحفہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف بغیر لائسنس کے جنگلی جانوروں کو رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جو اب ختم ہوچکا ہے۔
رابی پیرزادہ نے واضح کیا کہ میرے پاس کوئی جانور نہیں اُن تصاویر میں جو جانور تھے وہ کشمیر میں جب میں پروگرام کرنے گئی تو وہاں موجود تھے، جن کے ساتھ میں نے مودی کو دھمکانے کے لیے تصاویر اور ویڈیوز بنائیں جو وائرل ہوگئیں اور وائلڈ لائف والوں نے مجھ پر کیس کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں کہا کہ آپ مجھے معاف کریں میں آپ کو معاف کرتی ہوں، ربی پیرزادہ نے دعویٰ کیا کہ جب کبھی آپ کے گھر سے کوئی سانپ، شیر یا بھیڑیا نکلے تو آپ مجھے بلانا میں اسے آپ کے سامنے پُرسکون کرکے دکھاؤں گی تھوڑی دیر میں وہ میرے پاس صوفے پر سکون سے بیٹھا ہوگا۔
ماضی میں رابی پیرازادہ گلوکارہ، اداکارہ، ماڈل اور بطورِ آرٹسٹ کام کرچکی ہیں، تاہم دین کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے بعد وہ اب فلاحی ادارہ چلارہی ہیں۔