کھلاڑی کا مثبت کورونا ٹیسٹ، اسلام آباد اور کوئٹہ کا ملتوی میچ آج ہوگا!

کراچی: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے میچ ملتوی کردیا گیا تھا، جو آج کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے ترجمان نے کھلاڑی کے کووڈ 19 میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اپنے ٹویٹ میں تصدیق کی کہ ان کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد پی ایس ایل میں ایک میچ کھیل چکے ہیں۔ کھلاڑی کی ٹیم میں شامل تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
بورڈ کا کہنا ہے مثبت آنے والے کھلاڑی میں 2 روز قبل کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔ مثبت آنے والے کھلاڑی کو آئسولیٹ کردیا گیا تھا۔


کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ آتے ہی کھلبلی سی مچ گئی، میچ کے لیے اسٹیڈیم روانگی کی خاطر تیاری کرنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں اطلاع ملنے پر سخت خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ انتظامیہ نے ان کو ہوٹل ہی میں روک کر ہنگامی بنیادوں پر کورونا ٹیسٹ کا اہتمام کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ رات 9 بجے کھیلا جائے گا تاہم تھوڑی دیر بعد میچ ملتوی کردیا گیا، ذرائع کے مطابق میچ کھلاڑیوں کے تحفظات کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا جو آج کھیلا جائے گا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ملتوی میچ اب آج شام 7 بجے کھیلا جائے گا، شائقین آج کے ٹکٹ کل استعمال کرسکتے ہیں جب کہ ٹکٹ کو ری فنڈ بھی کرایا جاسکتا ہے۔

covid 19 test positivefawad ahmedislamabad unitedPSL 6Quetta Gladiators