کوئٹہ میں ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں زرغون روڈ سرینا چوک پر واقع نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے سے چار افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں سیکیورٹی گارڈ اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ دھماکے میں دو اسسٹنٹ کمشنرز بھی زخمی ہوئے ہیں۔

لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سول اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور ان میں آگ لگ گئی۔ ابتدائی تحقیقات  کے مطابق دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان  محمد طاہر رائے کے مطابق دھماکا مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا۔ سی ٹی ڈی نے دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا ہے اور دھماکے سے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ان کی وزارت حکومت بلوچستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ابتدائی تحقیقات کی جارہی ہیں جیسے ہی دھماکے کی نوعیت اور نقصانات کا تعین ہوگا حکومت بیان جاری کرے گی۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے دھماکے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا دہشتگرد حملہ ہے جس کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

Blast in QuettaQuetta blastSarena road hotel blast