کرائسٹ چرچ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ارکان نے سخت ذہنی دباؤ اور مشکل ترین حالات کے باوجود دورۂ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ پر مصباح الحق اور بابراعظم سے رابطہ کیا اور دورۂ نیوزی لینڈ جاری رکھنے سے متعلق رائے طلب کی، جس پر ہیڈ کوچ اور کپتان نے اپنے فیڈبیک سے بورڈ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔
بورڈ ذرائع کے مطابق ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے پر صورت حال مایوس کن ضرور ہے تاہم کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ اس ماحول میں بھی وہ اسپورٹس مین اسپرٹ کے طور پر میچز کھیلنے کو تیار ہیں۔ قومی کھلاڑیوں کی آئسولیشن 8 دسمبر کو پوری ہوجائے گی جس کے بعد وہ باہر نکلنے اور اپنی ٹریننگ کے لیے آزاد ہوں گے۔
جن کھلاڑیوں کا پہلی ٹیسٹنگ میں کووڈ ٹیسٹ پازٹیو آیا تھا، ان کا روزانہ میڈیکل چیک اپ ہورہا ہے، ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق کسی کھلاڑی میں کووڈ کی علامات نہیں، سب کچھ ٹھیک جارہا ہے لہٰذا وہ بھی 8 دسمبر سے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ میل جول اور ٹریننگ کرسکتے ہیں۔ پی سی بی حکام اس حوالے سے نیوزی لینڈ حکومت اور میزبان بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔