لاہور: پاکستان کی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے روانہ ہوگئی جب کہ قومی اوپنر فخر زمان بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے چند گھنٹہ قبل دورے سے باہر ہوگئے۔
قومی اسکواڈ لاہور سے غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے براستہ دبئی نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوا، تمام قومی کھلاڑی نیوزی لینڈ کی لنکن یونیورسٹی میں 14 روز تک قرنطینہ میں رہیں گے۔
نیوزی لینڈ روانہ ہونے والے 54 رکنی اسکواڈ میں پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہینز کے 34کھلاڑی اور 20 آفیشلز شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ پہنچے کے بعد پہلے 3 روز اسکواڈ مکمل تنہا رہے گا۔ پہلے کووڈ 19 ٹیسٹنگ کے بعد کھلاڑیوں کو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور گروپس میں ہی ٹریننگ سمیت دوسری سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
قرنطینہ کے دوران تین کووڈ19 ٹیسٹنگ ہوں گی جب کہ 14 روز کے بعد اسکواڈ کو آزادانہ گھومنے پھرنے کی اجازت ہوگی۔
اوپنر فخر زمان روانگی سے چند گھنٹے قبل بخار میں مبتلا ہونے پردورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوگئے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا 20 دسمبر کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا جب کہ سیریز کا تیسرا مقابلہ 22 دسمبر کو نیپئر میں ہوگا۔
ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ ماؤنگنائی میں شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
بابر اعظم پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
دورے کے دوران قومی ٹیم 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان پہلا 4 روزہ میچ 10 دسمبر سے شروع ہو گا جب کہ دوسرا 4 روزہ میچ 17 سے 20 دسمبر تک واھنگری میں کھیلا جائے گا۔