جنوبی افریقا کیخلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان!

کراچی: جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کیا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا، خوشی ہے کہ ایک بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم سے شاداب خان اور نسیم شاہ کو فٹنس مسائل کے باعث ڈارپ کیا گیا ہے جب کہ شان مسعود، حارث سہیل اور محمد عباس کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا سہیل خان پلان کا حصہ ہیں، لیکن اس وقت ٹیم میں ان کی جگہ نہیں بن رہی جب کہ فاسٹ بولر حسن علی نے اچھا کم بیک کیا اور کارکردگی دکھائی، اس لیے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعود شکیل ہر سطح پر پرفارمنس دے کر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، سرفراز احمد، فہیم اشرف، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ شفیق، آغا سلیمان، سعود شکیل، کامران غلام، ساجد خان، تابش خان، حارث رؤف، ایم نواز، نعمان علی اور حسن علی شامل ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔

Muhammad waseemPak cricket teamsouth africa tour of pakistantest squad