لاہور: پی سی بی نے قومی ٹی 20 کپ کے لیے 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کورونا کی عالمی وبا کے دوران پی سی بی واحد کرکٹ بورڈ ہے جو اپنے ملک میں بائیو سیکیور ببل کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کررہا ہے۔
ملک بھر سے تعلق رکھنے والے بہترین کھلاڑی 30 ستمبر سے ملتان میں پڑاؤ ڈالیں گے۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا مرحلہ 6 اکتوبر تک ملتان میں مکمل ہوگا جب کہ دوسرا مرحلہ 9 اکتوبر سے 18 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر قریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جب کہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حق دار ٹھہرے گی۔ یہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپے دیے جائیں گے جب کہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی قریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والے ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہے۔
ادھر سیزن 21-2020 کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ حاصل کرنے والا ایک کرکٹر ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں سالانہ 18 سے 32 لاکھ روپے (کیٹیگری کے اعتبار سے) کمائے گا۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسے کو واپس کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کو ہی اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں مجموعی طور پر قریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختلف انداز سے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں پی سی بی پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمائی کا ایک نیا اور پُرکشش اسٹرکچر متعارف کرواچکا ہے، اب کووڈ 19 کے دوران ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا یہ ایونٹ کھلاڑیوں کی آمدن کو بھی دگنا کردے گا۔