اختیارات سے تجاوز اور پبلک فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں قطر کے وزیر خزانہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے وزیر خزانہ علی شریف العمادی کے خلاف اختیارات سے تجاوز اور پبلک فنڈز کے غلط استعمال کی تحقیقات جاری تھیں جس میں ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے جب کہ وزیر خزانہ کی گرفتاری کے بعد ان کو فوری ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔
قطری نیوز ایجنسی کے مطابق پبلک سیکٹر میں جرائم کا مرتکب ہونے اور دیگر دستاویزات سے الزامات ثابت ہونے پر قطری اٹارنی جنرل نے وزیر خزانہ کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے جب کہ وزیر خزانہ کے خلاف جاری تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ کی گرفتاری کے احکامات کے بعد قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے علی شریف کو فوری وزارت خزانہ کی ذمے داریوں سے سبکدوش کرنے کا حکم جاری کیا۔
قطری امیر نے وزیر تجارت علی بن احمد کو وزیر خزانہ کی اضافی ذمے داریاں سونپنے کا اعلان کیا ہے۔