قلات میں اومی کرون کے 32 مشتبہ کیسز

قلات: کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے 32 مشتبہ کیسز قلات میں سامنے آنے کی اطلاعات ہیں، نمونے این آئی ایچ ڈی کو بھجوا دیے گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔
ڈی ایچ او قلات ڈاکٹر نصراللہ لانگو کے مطابق اومی کرون کے مشتبہ کیسز قلات میں انسداد کورونا ویکسی نیشن اور ٹیسٹ کی مہم کے دوران رپورٹ ہوئے۔ قلات میں یکم سے 18 دسمبر تک کورونا کے 400 سے زائد نمونے لیے گئے تھے، اومی کرون کے مشتبہ افراد کے نمونے تصدیق کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھیج دیے ہیں۔
اومی کرون کے مشتبہ تمام مریض قلات سے ہیں، جن کی خاص ٹریول ہسٹری نہیں۔ اومی کرون کے مشتبہ مریضوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، چند روز قبل کوئٹہ میں ڈیلیوری ہوئی تھی۔ اومی کرون کے مشتبہ مریضوں کو گھروں پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

Corona virusOmicronQallat