اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے تمام سرکاری مشینری کو متحرک کریں گے اور آنے والے دنوں میں ہماری اب پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں بجلی، گیس اور ادویہ کی بڑھتی قیمتوں پر بھی بحث ہوئی، وزراء نے بڑھتی مہنگائی پر ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزیر مراد سعید، شیخ رشید، فیصل واوڈا اور دیگر وزراء نے مہنگائی کا معاملہ اٹھایا۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو اشیاء کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مشاورت جاری ہے، حکومت جلد ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کرے گی، عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے تمام سرکاری مشینری کو متحرک کریں گے، آنے والے دنوں میں ہماری اب پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی اور ساری صورت حال خود مانیٹر کررہا ہوں، دیکھتے ہیں اب مافیا کیا کرتا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے این سی او سی کو کورونا کی صورت حال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز بڑھے تو اسکولز، شادی ہالز اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔
ادھر وزیراعظم کی زیر صدارت اشیاء کی قیمتوں سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس جاری ہے جس میں مہنگائی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لینے کی منظوری دی جائے گی۔