لاہور: پنجاب میں کورونا کی زیادہ شرح والے علاقوں میں نویں تا بارہویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے پیر سے کھل جائيں گے۔ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ طلبہ کو دو دن پیر اور جمعرات کو اپنے تعلیمی اداروں میں جانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان دو دنوں میں طالب علموں کی 50 فیصد حاضری ہوگی۔
مراد راس کا کہنا تھاکہ صوبے کے 13 اضلاع میں پہلی تا آٹھویں جماعت اسکول عید الفطر تک بند رہیں گے۔ وزیر تعلیم کے مطابق عیدالفطر تک پابندی والے 13 اضلاع میں راولپنڈی، لاہور، گجرات، گوجرانوالا، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یارخان، ڈی جی خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔
مراد راس کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ او لیول اور اے لیول کے امتحانات بھی شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی منظوری نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے لی جائے گی۔