لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پنجاب بچاؤ تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب کو پس ماندہ ترین صوبہ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پنجاب سے انتقام لیا جارہا ہے، لگتا ہے کہ صوبے کو بچانے کے لیے تحریک شروع کرنا پڑے گی، فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کے بنیادی مسائل نظرانداز کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک صوبے میں پانچ آئی جی اور چار چار چیف سیکریٹری بدلتے ہیں۔ ہم کہہ رہے ہیں پنجاب بچاؤ، یہ پنجاب صوبہ تباہ ہورہا ہے۔ عمران کو پنجاب کی تباہی پر جواب دیناپڑے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تباہی پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔ پرانی سڑکوں پر ٹول لگاکر جگا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ پنجاب کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا، گزشتہ 2 سال میں سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن بہترین ہیلتھ پروفیشنل کے ساتھ مل کر نیشنل ہیلتھ چارٹر تیار کرے گی۔ صوبائی سطح پر بھی صوبائی ہیلتھ چارٹر تیار کیا جائے گا۔ پروفیشنلز کے ساتھ مل کر ہیلتھ چارٹر قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے آزاد کشمیر میں ڈاکٹروں کے مسائل کو حل کیا جائے۔ جیسے پائلٹس کے ساتھ جعلی لائسنسوں والا ڈرامہ کیا، کہیں یہ ڈاکٹروں کے ساتھ بھی کچھ ایسا نہ کردیں۔ حکومت کی صرف ایک ترجیح ہے جھوٹے کیس کیسے بنانے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں ہیلتھ کیئر کا شعبہ بدترین حالات پیش کررہا ہے۔ حکومت پاکستان میں وہ صحت کا نظام لانا چاہتی ہے جو ہمارے حالات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ اس نظام سے غریب آدمی کا علاج کرانا مشکل ہوجائے گا۔ یہ پاکستان امیروں کا نہیں 22 کروڑ عوام کا ہے۔