لاہور: پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کے 7 ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت 9 نومبر کو ہونے والے ٹیسٹوں کی رپورٹ میں پنجاب اسمبلی کے 7 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
جن ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، ان میں 2 ملازمین کا تعلق سوالات برانچ، 3 کا سیکیورٹی اسٹاف جب کہ 2 ملازمین کا تعلق مختلف برانچوں سے ہے۔
کورونا وائرس کا شکار ملازمین کو اسمبلی سیکریٹریٹ آنے سے روک دیا گیا ہے جب کہ اسمبلی سیکریٹریٹ میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد مزید سخت کردیا گیا ہے۔