نئی دہلی: پب جی گیم کھیلنے کے لیے پوتے نے دادا کی لاکھوں روپے کی جمع پونجی اُڑا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پب جی گیم کی لت میں مبتلا 15 سالہ نوجوان نے گیم کھیلنے کی خاطر رقم کی ادائیگی کے لیے دادا کے پنشن اکاؤنٹ کا استعمال کیا اور اکاؤنٹ میں موجود پنشن کی رقم کے 2 لاکھ 34 ہزار روپے گیم کے لیے ادا کردیے۔
سائبر سیل دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کئی ماہ سے پب جی گیم کھیلنے کی خاطر رقم کی ادائیگی کے لیے اپنے دادا کا پنشن اکاؤنٹ استعمال کررہا تھا، جس سے اس نے مسلسل ادائیگیاں کیں۔
دہلی پولیس کے مطابق واقعے کا پتا اُس وقت چلا جب اکاؤنٹ ہولڈر کو موبائل فون پر اکاؤنٹ سے رقم کٹنے کا میسیج موصول ہوا، جس میں اکاؤنٹ سے 2500 روپے کٹوتی کی اطلاع دی گئی اور اکاؤنٹ میں بقیہ رقم صرف 275 روپے تھی۔
میسیج دیکھنے پر اکاؤنٹ ہولڈر نے بینک سے رابطہ کیا اور اکاؤنٹ میں موجود 2 لاکھ 34 ہزار روپے ٹرانسفر ہونے سے متعلق بتایا۔
پولیس کے مطابق شکایت کنندہ نے پولیس سے رابطہ کیا اور بتایا کہ اس نے اپنے اکاؤنٹ سے کوئی ٹرانزیکشن نہیں کی تاہم پولیس کی تحقیقات پر پتا چلا کہ متعلقہ اکاؤنٹ سے 2 ماہ کے اندر 2 لاکھ 34 ہزار 297 روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں، جس پر مزید تحقیقات کی گئیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ تحقیقات سے پتا چلا کہ ٹرانزیکشن 23 سالہ پنکج کمار کے ایک رجسٹرڈ اکاؤنٹ کے ذریعے کی جس پر پولیس نے پنکج کمار کو گرفتار کرلیا، ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کے ایک دوست نے آئی ڈی اور پاسورڈ بناکر رقم ٹرانسفر کرنے کا کہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پنکج کمار سے تفتیش میں پتا چلا کہ اس کا دوست متاثرہ شخص کا پوتا ہے جس کو حراست میں لے لیا گیا اور اس نے دوران تفتیش پب جی گیم کی ادائیگی کے لیے دادا کا اکاؤنٹ استعمال کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
پولیس کے مطابق نوجوان نے بتایا کہ رقم کی منتقلی کے بعد وہ اپنے دادا کے موبائل سے بینک سے موصول ون ٹائم پاسورڈ ڈیلیٹ کردیا کرتا تھا۔