بلاول کے بھارت جانے پر پی ٹی آئی کی کڑی تنقید

لاہور: سابق حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے وزیر خارجہ کے دورہ بھارت پر اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھارت سے سوائے ذلت کے اور کیا لایا ہے؟

سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بغیر بھارت کے کوئی ہاتھ بڑھائے، یہ وہاں پہنچ گئے۔ وہاں پہنچ کر بھی بھارت نے ہاتھ نہیں بڑھایا یہ نمستے کرکے آگئے۔ یہ صرف بیرونی آقاؤں کو خوش کرنا چاہ رہے ہیں کہ دیکھیں ہم کتنے تابع دار ہیں۔ بلاول انڈیا سے سوائے ذلت کمانے کے اور کیا لے کر آیا ہے؟

اسد عمر نے کہا کہ یہ جو ہمارا آئینی مطالبہ ہے الیکشن کا اس سے پیچھے ہٹانے کی کوشش ہے۔ جو لوگ کہتے تھے کہ اگر ایک دن الیکشن نہ ہوا تو پتا نہیں کیا ہوجائے گا، ان کے سامنے یہ چیز رکھی گئی کہ الیکشن اگلے مالی سال میں ہوگا اور ایک ہی دن ہو گا، یہ وہ بھی ماننے کو تیار نہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ عوام کا سامنا نہیں کرسکتے۔ کل اسلام آباد ہائی کورٹ نے واضح ہدایت دیں کہ ہمارا آئینی حق ہے ہمیں ریلی کی اجازت دی جائے، آج صبح ڈی سی نے اجازت معطل کردی۔ یہ خود بھی ڈوبیں گے ساتھ ملک کو بھی لے کر ڈوب رہے ہیں۔ اب ان کے اپنے اندر بھی دراڑیں پیدا ہو گئی ہیں۔ آج عمران خان کی کال پر لاہور سمیت پورے پاکستان میں لوگ نکلیں گے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو وزیر خارجہ ہیں یا وزیر سیر و تفریح ہیں۔ یہ اپنی کیٹ واک کے لیے بھارت گئے۔

Bilawal Bhutto zardariforeign ministerIndia VisitPTI Strongly CriticizedShangai cooperation organization summit