اسلام آباد/ راولپنڈی: پی ٹی آئی کے ڈی چوک میں احتجاج کے معاملے پر انتظامیہ نے دارالحکومت کی سیکیورٹی سخت اور داخلی راستے سیل کردیے، جس سے راولپنڈی سے اسلام آباد کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈی چوک سے تین افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں دو شہری اور ایک تحریک انصاف کا کارکن شامل ہے۔
چیئرنگ کراس چوک کو دونوں جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا گیا جب کہ ایم ایچ چوک صدر مال روڈ بھی دونوں جانب سے بند ہے۔ حیدر روڈ فلیش مین و میٹرو اسٹیشن روڈ، مریڑھ چوک چاروں اطراف سے اور مری روڈ بھی مکمل طور پر بند ہے۔ ڈبل روڈ اسٹیڈیم بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند رکھا گیا ہے۔
کچہری سے اولڈ ایئرپورٹ روڈ کورال تک کھلا ہے جب کہ سواں پل بھی کھلا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا کہنا ہے کہ امن وامان کی صورت حال کے دوران شاہراہوں کی صورت حال کو مدنظر رکھ کر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں کو ملانے والی مرکزی شاہراہوں پر موٹر سائیکلوں کے لیے راستے کھلے ہیں، البتہ ریڈ زون اور ڈی چوک کو جانے والے راستے مکمل بند کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں داخلہ کے لیے مارگلہ رؤف سے واحد راستہ کھلا رکھا گیا ہے، کسی بھی شاہراہ پر کہیں سے بھی ابھی تک مظاہرین جمع نہیں ہوئے۔
اسلام آباد جانے والی تمام شاہراہوں کو کنٹینرز لگاکر بند کردیا گیا ہے۔ فیض آباد، ٹی چوک، کھنہ پل، سکستھ روڈ، ڈبل روڈ اور نائینتھ ایونیو پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد جانے والے شہریوں سمیت ملازمت پیشہ افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروسز معطل ہے اور سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اسلام آباد پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مصروف عمل ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
ترجمان کے مطابق سفر کرتے ہوئے راستوں کی بندش کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری کو مدنظر رکھیں۔ ٹریفک کی تازہ ترین صورت حال جاننے کے لیے اسلام آباد پولیس ایف ایم 92.4 اور پکار 15 سے رہنمائی لی جاسکتی ہے۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی سے متعلق پکار 15 پر اطلاع دیں۔
پنجاب کے 4 شہروں لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جب کہ حکومت پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز بھی طلب کر لی ہے۔ ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔