پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع

لاہور: پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ میں لاہور کی عدالت نے 2 روز کی توسیع کردی۔
لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کے کیس کی سماعت کی، اس سلسلے میں اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعلیٰ کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور 12 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
اینٹی کرپشن حکام نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الٰہی سے مزید تفتیش درکار ہے، لہٰذا عدالت ریمانڈ فراہم کرے۔
دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا کہ ضمنی کے مطابق پرویز الٰہی کواینٹی کرپشن ٹیم لے کر ان کی رہائش گاہ گئی اور پرویز الٰہی نے اپنے بیڈروم میں دراز سے 41 لاکھ روپے ریکور کروائے، ضمنی میں وقت کا ذکر نہیں اور نہ ہی تھانے سے روانگی کا ذکر کیا گیا ہے۔
پرویز الٰہی کے وکیل نے اپنے مؤکل کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے ان کے ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کردی گئی۔

 

Former CM PunjabLahore CourtPervez ElahiPhysical Remand Extended by 2 DaysPTI President