کراچی: حکمراں جماعت نے ایم کیو ایم پاکستان سے سینیٹ انتخابات میں تعاون کی درخواست کی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے لیے حکومتی وزرا اپنے اتحادیوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں، اسی حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے ایم کیو ایم کی قیادت سے بھی ملاقات کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات گزشتہ رات بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں ہوئی، جس میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنما موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور وفاقی وزرا اسد عمر اور حفیظ شیخ نے ایم کیو ایم قیادت سے کہا کہ آپ ہمارے اتحادی ہیں، آپ سے تعاون کی درخواست ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم قیادت نے حکومتی وزرا کو یقین دہانی کرائی کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور سینیٹ انتخابات میں بھی ساتھ دیں گے۔