اسلام آباد: عدالت عالیہ نے شہر اقتدار کی سڑکوں کی بندش پر آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث سڑکوں کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، اس سلسلے میں وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری شبیر خٹک عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار تاجروں نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ اپریل میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سے اب تک احتجاج کیے جارہے ہیں، آزادی مارچ دھرنے کے اعلان اور قائدین کی ہدایت پر سڑکیں بند کردی گئیں، شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے، اس سے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں، حکومت کو سڑکیں خصوصاً موٹروے پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی جائے جب کہ پی ٹی آئی کو پابند کیا جائے کہ دھرنے اور جلسے کا انعقاد اسلام آباد سے باہر کریں۔
عدالت نے دورانِ سماعت کہا کہ پورے اسلام آباد میں کنٹینر ایسے پڑے ہیں جیسے کوئی اور ہی حالات ہیں، اچھی سی اینٹی رائٹ فورس کیوں نہیں بناتے؟ کنٹینر کیوں لگاتے ہیں؟ کنٹینر لگانے کے بجائے کوئی اور طریقہ استعمال کیوں نہیں کرتے؟
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے درخواست پر سماعت کے بعد آئی جی اسلام آباد سے17 نومبر تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔