اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت 30،30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔
ضمانت کی درخواستوں پر سماعت انسداد دِہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ایم این اے احمد چٹھہ مقدمے میں نامزد ہیں۔ مقدمے میں جو دفعات لگائی گئی ہیں، ان کی سزا کم سے کم 3 سال ہے، ضمانت منظور نہ کی جائے۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ شیر افضل مروت، احمد چٹھہ اور دیگر اراکین قومی اسمبلی سے کچھ برآمد ہوا ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ کچھ برآمد نہیں ہوا۔
پی ٹی آئی کے گرفتار قومی اسمبلی ارکان میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، اے قریشی، احمد چٹھہ، عامر ڈوگر، یوسف خان، نعیم علی شاہ، اویس حیدر جکھڑ، شاہ احد اور زبیر خان شامل ہیں۔ پی ٹی آئی ایم این ایز پر تھانہ سنگجانی، ترنول، نون اور تھانہ سنبل میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔