اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
پی ٹی آئی کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوئی، جس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر کے فنانشل ایکسپرٹ نے دورانِ سماعت بتایا کہ پی ٹی آئی فنڈز میں آڈٹ کے اصول اور معیارکو نظرانداز کیا گیا ہے، ڈونرز تھرڈ پارٹی نہیں، پی ٹی آئی قیادت کی اپنی بنائی ہوئی کمپنیاں ہیں۔
اس موقع پر اکبر ایس بابر نے کہا کہ پہلی بار کوئی سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں فنڈنگ کی تفصیلات دے رہی ہے، ہر سیاسی جماعت کو الیکشن کمیشن کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ دونوں طرف کی سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کا کیس فائنل ہوا ہے، چاہتے ہیں دوسری سیاسی جماعتوں کے کیسز کا بھی اختتام ہو، ووٹر کا اعتماد بحال ہو، ملک کو جمہوری طور پر مضبوط کرنا ہے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کیس کے فیصلے کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا ہے۔
دھیان رہے کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس 8 سال تک زیر سماعت رہا۔