پی ٹی آئی انتخابی نشان کیس: الیکشن کمیشن کی پشاور ہائیکورٹ میں نظرثانی اپیل دائر

پشاور: پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق فیصلے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کردی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے پشاور ہائی کورٹ میں دو الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں، جن میں سے ایک درخواست پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق ہے، جس میں الیکشن کمیشن نے عدالت سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ایک اور درخواست دائر کی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چھٹیوں کے دوران ہی ڈویژنل بینچ بناکر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کو آئین کے برخلاف قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھن گیا تھا، تاہم تحریک انصاف نے کمیشن کے فیصلے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق الیکش کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے تحریک انصاف کو انتخابی نشان بلا بحال کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عدالتی چھٹیوں کے بعد جو پہلا ڈویژنل بینچ تشکیل دیا جائے گا، اس میں کیس پر مزید سماعت ہوگی۔

 

election commission of pakistanFiled Review AppealPeshawar High courtPTI Election Symbol Case