اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو شوکاز دینے کا فیصلہ غلط ہے، پی ٹی آئی کو فنڈنگ اوورسیز پاکستانیوں نے کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آتی، ن لیگ، جے یو آئی نے اوور سیز پاکستانیوں کو اپنا دشمن کیوں سمجھ لیا ہے۔
اس موقع پر فواد چوہدری اور فرخ حبیب نے کہا کہ یہ فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کا کیس تھا، یہ پی ڈی ایم سمیت تمام جماعتوں کے لیے مایوسی کا دن ہے۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو مدنظر نہیں رکھا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے فیصلے ایک ساتھ سنانے تھے جو نہیں ہوا، اس سے ثابت ہے کہ لاڈلوں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اگرغیر جانبدار ہے تو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ کا فیصلہ بھی کرے، اگر پی ٹی آئی کو ممنوعہ فنڈنگ کرنی ہوتی تو بینکنگ چینل کے ذریعے نہیں بلکہ نوٹ بیگوں میں بھر کر آتے جس طرح نواز شریف کو اسامہ بن لادن نے بھیجے تھے۔