اسلام آباد: 9 مئی کے واقعات پر درج دہشت گردی کے مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو دہشت گردی کے مزید 3 مقدمات میں نامزد کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور حملے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، اس کے علاوہ عمران خان کو ماڈل ٹاؤن وزیراعظم سیکریٹریٹ پر حملے کے مقدمے میں بھی نامزد کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت 7 مقدمات درج تھے اور اب مزید مقدمات میں نامزدگی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کی تعداد 10 ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ انویسٹی گیشن کے بعد لاہور میں دہشت گردی کے 3 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا گیا، گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں انہیں نامزد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق عمران خان پر 9 مئی واقعات پر پنجاب کے دیگر اضلاع میں دہشت گردی کے 19 مقدمات ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو ملتان کے 3، راولپنڈی کے 2 مقدمات میں نامزد کیا گیا جب کہ فیصل آباد کے 2، گوجرانوالا اور میانوالی میں ایک ایک دہشت گردی کے مقدمے میں نامزد ہیں۔
دھیان رہے کہ رواں سال 9 مئی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک، شہدا کی یادگاروں اور گاڑیوں کو آگ لگادی تھی جب کہ پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا۔
اس کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کی قومی سلامتی کمیٹی نے بھی تائید کی۔