کراچی: ملک بھر میں کالعدم مذہبی جماعت کی طرف سے دھرنے ختم کیے جانے اور غیر یقینی صورتحال چھٹنے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی گئی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 486 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
کاروبار کے آغاز میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی موجود نہیں تھی تاہم کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی اور کئی روز کے دھرنے ختم ہونے کے بعد کاروبار میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔ دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس 600 پوائنٹس بڑھ گیا مگر اختتام پر سرمایہ کاروں نے حصص فروخت بھی کیے جس کے باعث مارکیٹ 486 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 45 ہزار 399 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں 85 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ملک بھر میں دھرنے ختم ہونے اور حالات میں بہتری سے آج سٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔